حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ایسے افراد اور بلڈرس کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جو منظورہ منصوبہ سے ہٹ کر غیر قانونی تعمیرات انجام دے رہے ہیں۔ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کیلئے زونل سطح پر ٹاسک فورس ٹیمیں تشکیل دینے کے بعد اب بلدیہ نے تعمیراتی مقام پر منظورہ نقشہ بھی چسپاں کرنے کو لازمی کردیا ہے ۔ بلڈنگ تعمیر کی اجازت نامہ کے ساتھ یہ شرط بھی عائد کی جا رہی ہے ۔ بلدیہ کا کہنا ہے کہ بہت کم بلڈرس ایسے ہیں جو تعمیراتی منصوبوں پر عمل کرتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ منظورہ نقشہ کو تعمیر کے مقام پر چسپاں کرنے سے دورہ کرنے والے عہدیداروں کو سہولت ہوگی اس کے علاوہ خریدی کے خواہشمند گاہکوں کو بھی اس سے مدد مل سکتی ہے ۔