حیدرآباد۔/16 نومبر، (سیاست نیوز) حبیب نگر پولیس نے غیر قانونی طور پر شراب فروخت کرنے والے تین افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا اور کثیر مقدار میں شراب کی بوتلوں کو ضبط کرلیا۔ جس میں ماں اور بیٹا دونوں غیر قانونی طور پر شراب فروخت کررہے تھے۔ انسپکٹر حبیب نگر مسٹر شیواچندرا نے بتایا کہ جملہ 209 شراب کی بوتلوں کو ضبط کرلیا ہے۔ انسپکٹر نے بتایا کہ رات دیر گئے ایک خفیہ اطلاع پر مانگربستی اور ملے پلی کے علاقوں میں دھاوا کیا اور مانگر بستی سے 55 سالہ بالا منی اور اس کے بیٹے 30 سالہ کرشنا گوڑ کو گرفتار کیا۔ یہ دونوں اپنے مکان کے سامنے شراب فروخت کررہے تھے۔ جبکہ دوسری کارروائی میں 42 سالہ سائی بابا کو گرفتار کرلیا گیا جو صبح ہونے تک شراب فروخت کررہا تھا۔ حبیب نگر پولیس نے ان کے خلاف کارروائی کی اور بہت جلد اس کیس میں چارج شیٹ بھی داخل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
