سرینواس ریڈی کے استعفے کا مطالبہ مسترد، ایوان کی کمیٹی کی تشکیل سے فائدہ نہیں، اسمبلی میں چیف منسٹر کا بیان
حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت غیر قانونی کانکنی کی سی بی آئی تحقیقات کے لئے تیار ہے اور حکومت خاطیوں کے خلاف کارروائی سے گریز نہیں کرے گی۔ اسمبلی نے بی آر ایس ارکان کی جانب سے ایوان کی کمیٹی یا برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کارروائی میں رکاوٹ کے دوران مداخلت کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ اگر اپوزیشن کو سی بی سی آئی ڈی تحقیقات پر شبہ ہے تو حکومت اس معاملہ کو سی بی آئی کے حوالے کرنے تیار ہے۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ اگر ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی یا ان کے خاندان کا کوئی فرد غیر قانونی مائننگ میں ملوث پایا گیا تو حکومت بلا جھجک کارروائی کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہم کسی کے خلاف بھی کارروائی کریں گے چاہے اس کا عہدہ کچھ بھی ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپوزیشن کے الزامات پر ریاستی وزیر سرینواس ریڈی کے استعفی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے آمدنی میں اضافہ کے ذریعہ غریبوں میں تقسیم اور نئی پالیسیوں کو اختیار کیا ہے۔ محکمہ کانکنی نے 2025 میں راگھو کنسٹرکشن سے ٹیکس کے بقایا جات وصول کئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مائننگ ڈپارٹمنٹ کی یہ کارروائی کسی کی شکایت پر نہیں کی گئی بلکہ عہدیداروں نے اپنے طور پر یہ اقدام کیا ہے۔ بی آر ایس کی جانب سے کوئی شکایت نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس حکومت بے قاعدگیوں کے خاتمہ میں سنجیدہ ہے لہذا راگھو کنسٹرکشن کے خلاف نوٹس جاری کی گئی۔ ایوان کی کمیٹی کے مطالبہ پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر نے الزم عائد کیا کہ بی آر ایس دور حکومت میں 3 علیحدہ ایوان کی کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں لیکن آج تک رپورٹ داخل نہیں کی گئی۔ کمیٹیوں کے قیام کے ذریعہ افراد کو بلیک میل کیا گیا اور ان کے اثاثہ جات ضبط کئے گئے۔ ایوان کی کمیٹی کا مطالبہ سیاسی مقصد براری پر مبنی ہے۔ کانگریس حکومت صرف سیاسی فائدہ کے لئے ایوان کی کمیٹی کی تشکیل کا ارادہ نہیں رکھتی۔ کے ٹی آر و ہریش راؤ سے اپیل کی کہ وہ تحقیقات کے لئے سی بی سی آئی ڈی کو ثبوت فراہم کریں۔ چیف منسٹر نے دیگر پارٹیوں کے ارکان سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ میں معدنی وسائل کے استحصال سے متعلق معلومات حکومت کو فراہم کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت مکمل جانچ کرے گی اور خاطیوں کو سزا دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کا مقصد ریاستی وزیر سرینواس ریڈی کو بلیک میل کرکے اپنے حق میں کاموں کی انجام دہی کو یقینی بنانا ہے۔ 1