حیدرآباد۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جلد ہی نظام پیٹ میونسپل کارپوریشن کے طرز پر کاروائی کرکے غیر مجاز اور غیر قانونی تعمیرات کو روکنے اقدامات کئے جائیں گے۔ محکمہ بلدی نظم و نسق نے جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ غیر مجاز تعمیرات کو روکنے اقدامات کویقینی بنائیں اور نظام پیٹ بلدیہ کی طرح کاروائی کرکے ان سرگرمیوں پر روک لگائیں اور عمارتو ںکو مہر بند کرنے اقدامات کریں۔جی ایچ ایم سی حدود سے متصل نظام پیٹ بلدی کارپوریشن نے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران خصوصی مہم چلاتے ہوئے 119 غیر مجاز اور غیر قانونی تعمیرات کو روک دینے اور ان کے اجازت ناموں کے علاوہ دیگر امور کا جائزہ لینے کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت نے نظام پیٹ بلدیہ کی اس کاروائی کی ستائش کرتے ہوئے دیگر بلدیات کو بھی اس طرز پر کاروائی کی ہدایت دی اورجی ایچ ایم سی کو ہدایت دی گئی کہ جن عمارتوں کی غیر مجاز تعمیر جاری ہے ان میں آبرسانی اور برقی کنکشن نہ دینے محکمہ جات کو مکتوب روانہ کریں اور غیر مجاز و غیر قانونی عمارتو ںمیں کسی طرح کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات پر روک لگایا جائے۔نظام پیٹ کارپوریشن نے ان کاروائیوں کے ساتھ 119 عمارتو ںکی تعمیرات پر نہ صرف روک لگائی ہے بلکہ ان کے خلاف کاروائی کا آغاز کرنے کے علاوہ انہیں کسی بھی طرح کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
