غیر مجاز تعمیرات کو روکنے میں ناکامی پر تلنگانہ ہائی کورٹ کی برہمی

   

جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے کمشنرس سے رپورٹ طلب
حیدرآباد۔/16اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے گنڈی پیٹ منڈل کے منی کنڈہ جاگیر میں سروے نمبرات 203 تا 210 میں غیر مجاز تعمیرات کے خلاف ہائی کورٹ کے احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے کمشنرس کی سرزنش کی ہے۔ ہائی کورٹ نے غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کیلئے 14 مارچ 2023 کو ہدایت دی تھی۔ جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے کمشنرس کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام کو متعلقہ اراضی کا جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ عدالت نے اراضی کے موجودہ موقف کے بارے میں ویڈیوز اور تصاویر پیش کرنے کی ہدایت دی۔ حکام کی جانب سے احکامات کی عدم تعمیل کی ہائی کورٹ سے شکایت کی گئی اور کہا گیا کہ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کی ملی بھگت سے تعمیری کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 14 عمارتوں کو ضبط کیا گیا ہے اور غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کی کارروائی جاری ہے۔ عدالت نے 2023 اور آج کے موقف کے بارے میں تقابلی جائزہ لیا اور تصاویر اور ویڈیوز کا مشاہدہ کرنے کے بعد حکام پر برہمی ظاہر کی۔ جسٹس سی وی بھاسکر ریڈی نے تعمیراتی کام جاری رہنے پر برہمی کا اظہار کیا اور فیصلہ کی عدم تعمیل کی وجوہات دریافت کی۔ عدالت نے جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے کو 2 جولائی تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی بصورت دیگر دونوں کمشنرس کو عدالت کے روبرو پیش ہونا پڑے گا۔1