۔23 جولائی کی بجائے 30 ستمبر سے استفادہ کا موقع
حیدرآباد۔ غیر مجاز لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کی اسکیم میں توسیع کردی گئی ہے۔ موجودہ حالات اور کوویڈ 19 کے سبب اسکیم کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے 23 جولائی آخری تاریخ سے اس اسکیم میں توسیع کرکے 30 ستمبر مقرر کی ہے۔ ریاست کی 43 میونسپلٹیز میں اس کو عمل میں لایا جارہا ہے۔ غیر مجاز تعمیرات بالخصوص لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کا حکومت نے موقع فراہم کیا ۔ کوویڈ 19 کے سبب اسکیم کی عمل آوری کے خاطر خواہ نتائج برآمد نہ ہوسکے اور تاحال اسکیم کے تحت 16 کروڑ روئے سرکاری خزانہ کو حاصل ہوئے اور اربن لوکل باڈیز کے ذریعہ 2.16 کروڑ روپئے حاصل ہوئے۔ کوویڈ 19 کے حالات اور اس اسکیم کے نتائج کو دیکھتے ہوئے اس میں توسیع کی گئی ہے۔ حکومت نے ریاست میں غیر مجاز لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کیلئے39 میونسپلٹیز اور 43 لوکل باڈیز ( مجالس مقامی ) میں اس اسکیم کو رائج کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس اسکیم کے رائج کرنے میں اہم مقصد غیر مجاز تعمیرات کی روک تھام اور شفاف نظام کے قیام کو یقینی بنانا ہے۔ تاہم دوسری طرف آمدنی کا بھی ایک ذریعہ اس اسکیم کو تصور کیا گیا۔ تاہم سابق کی طرح اس کے نتائج حاصل نہیں ہوپائے۔ سال 2018 میں ریاستی حکومت نے 68 نئے مجالس مقامی اور 7 نئے میونسپل کارپوریشن تشکیل دیئے۔
