نظام آباد ۔کمشنر میونسپل کارپوریشن جتیش وی پاٹل نے آج شہر کے ناگارام علاقہ میں واقع غیر مجاز لے آئوٹ پر سخت کارروائی کرتے ہوئے ان مالکین کو انتباہ دیا اور ناگارام کے علاقہ میں واقع پولاجی بابا ناگارام میں واقع لے آئوٹ کا معائنہ کیا ۔ واضح رہے کہ شہر میں غیر مجاز طور پر پلاٹنگ کرتے ہوئے بغیر لے آئوٹس کے پلاٹنگ کرنا رئیل اسٹیٹ کے تاجرین کی عادت ہے اور غیر مجاز طور پر پلاٹ فروخت کرتے ہوئے غریب عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کی جارہی ہے ۔ اقساط پر پلاٹنگ فروخت کرنا یہاں کے رئیل اسٹیٹ تاجرین کی عادت ہے اور جس کسی بھی مقام پر سرکاری اراضیات ہے اس کے اطراف و اکناف علاقہ میں اراضی خرید کر سرکاری اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے پلاٹنگ کردیتے ہیں اور اسے سستے دام پر قسطوں میں فروخت کردیتے ہیں جس سے ان کی چاندی ہوجاتی ہے جبکہ شہر کے سی آر پی ایف کے علاقہ میں بھی اس طرح کرنے پر تحصیلدار نے بعد شکایت کارروائی کرتے ہوئے کھدوائی کردی تھی ۔ شہر میں جاری غیر مجاز لے آئوٹس کے خلاف کمشنر میونسپل کارپوریشن جتیش وی پاٹل نے بھی آج ناگارام کے علاقہ میں واقع لے آئوٹس کا معائنہ کیا ۔ کمشنر نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ لے آئوٹس کیلئے کارپوریشن سے رجوع ہوتے ہوئے درخواست گذاری کریں اور ٹائون پلاننگ کے قواعد پر عمل کرتے ہوئے لے آئوٹ کریں تو بہتر ہوگاورنہ کاروائی کی جائے گی ۔