غیر مجاز پارکنگ کے باعث حادثہ، خاتون ہلاک

   


حیدرآباد ۔ 11 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں غیر مجاز پارکنگ کے خلاف جاری ٹریفک پولیس کی مہم بے اثر ثابت ہو رہی ہے۔ سڑک کے کنارے گاڑیوں کی بے دریغ پارکنگ پر کارروائی میں لاپرواہی، مجرمانہ غفلت کا سبب بن رہی ہے۔ اس طرح کے ایک حادثہ میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔ چندرائن گٹہ پولیس حدود میں پیش آئے ایک خوفناک حادثہ کی وجوہات بھی غیر مجاز پارکنگ مانی جارہی ہیں۔ جہاں سڑک کے کنارے دو گاڑیوں کی پارکنگ ایک خاتون کی ہلاکت کا سبب بن گئی۔ یہ دلخراش سڑک حادثہ آج چندرائن گٹہ حدود میں پیش آیا جہاں ایک 43 سالہ خاتون ذلیخہ بیگم ہلاک ہوگئیں۔ یہ خاتون غوث نگر علاقہ کے ساکن شیخ مولی کی بیوی تھیں جو یاقوت پورہ علاقہ میں ایک مدرسہ میں درس و تدریس کی خدمات انجام دیتی تھیں۔ آج صبح چندرائن گٹہ علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ذلیخہ بیگم ہلاک ہوگئیں جو اپنی موٹر سائیکل پر سوار تھیں۔ مقام حادثہ پر دلخراش مناظر کو دیکھ کر مقامی عوام نے برہمی کا اظہار کیا۔ چندرائن گٹہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع