حیدرآباد۔/5 جولائی، ( سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے غیر محسوب اثاثہ جات معاملہ میں چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی کو جھٹکہ دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے جگن موہن ریڈی کے اداروں کو نوٹسیں جاری کی ہیں۔ جگتی پبلکیشنس، بھارتی سمنٹس نامی اداروں کے علاوہ وائی ایس آر کانگریس کے رکن راجیہ سبھا وجئے سائی ریڈی کو نوٹس جاری کی گئی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے سی بی آئی کی تحقیقات کی تکمیل تک انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو درج کردہ مقدمہ میں تحقیقات نہ کرنے ٹرائیل کورٹ کو ہدایت دی تھی۔ عدالت نے کہا کہ اگر غیر محسوب اثاثہ جات میں سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ دونوں ایک ساتھ تحقیقات کریں تو ایسی صورت میں سی بی آئی کیس کا فیصلہ پہلے سنایا جائے اور بعد میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے مقدمہ پر فیصلہ ہو۔ چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس اجل بھویاں کی زیر قیادت بنچ نے یہ فیصلہ سنایا تھا۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ جسٹس ابھئے ایس اوجھا اور جسٹس سنجے کرولا پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے درخواست کی سماعت کی اور 5 ستمبر تک جواب داخل کرنے کیلئے وجئے سائی ریڈی، بھارتی سمنٹس اور جگتی پبلکیشنس کو نوٹس جاری کی ہے۔ر