حیدرآباد23 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے جگن موہن ریڈی غیر محسوب اثاثہ جات معاملہ میں ایم پی وجئے سائی ریڈی اور جگتی پبلیکیشن کی درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کردیا ہے ۔ وجئے سائی ریڈی اور جگتی پبلیکیشن کی جانب سے سینئر کونسل ایس نرنجن ریڈی نے دلائل پیش کئے ۔ انہوں نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کیس میں سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ عدالتوں کے احکامات کالعدم کرنے کی درخواست کی ۔ عدالت سے کہا گیا کہ دونوں اداروں کی علحدہ تحقیقات کی بجائے مشترکہ ایک تحقیقات جاری رکھی جائے۔ ای ڈی کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل سوریا کرن ریڈی نے عدالت سے کہا کہ سی بی آئی اور ای ڈی کے مقدمات علحدہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی بی آئی مقدمہ سے ای ڈی تحقیقات کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ سماعت کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کردیا ۔