غیر مسلمہ انجنیئروںکی خدمات پر 10 لاکھ ریال کا جرمانہ

   

ریاض ۔ سعودی پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ غیر رجسٹرڈ انجینئروں کو بھرتی کرنا یا ان کی خدمات لینا جرم ہے اور اس پر 10 لاکھ ریال جرمانہ اور کم سے کم ایک سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق ادارے نے کہا ہے کہ رجسٹریشن کے لئے غلط معلومات فراہم کرنا بھی جرم شمار ہوگا۔ پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ تعمیراتی ادارے رجسٹرڈ انجینئروں کی خدمات پر اکتفا کریں، غیر رجسٹرڈ افرادکو بھرتی کرنا جرم ہے۔اسی طرح اجازت نامہ حاصل کئے بغیر اپنے نام کے ساتھ انجینئر لکھنا لوگوں کو گمراہ کرنے کے زمرے میں آتا ہے۔یہی صورت حال ہر اس شعبے کے ساتھ ہے جس پر کام کرنے کے لئے اجازت نامہ درکار ہے جیسے ڈاکٹر یا اکاؤنٹنٹ وغیرہ۔ادارے نے کہا ہے کہ تعمیراتی ادارے جب تک اجازت نامہ حاصل نہیں کرتے بحیثیت تعمیراتی ادارے کے اپنی تشہیر نہیں کرسکتے۔