لڑکی کی شکایت پر کارروائی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نوجوانوں کی شناخت
حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) غیر مسلم نوجوان کے ساتھ گھومنے پر ایک مسلم لڑکی کے موبائیل فون چھیننے اور اُنھیں زدوکوب کرنے کے واقعہ میں ٹاسک فورس پولیس نے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس پی رادھا کرشن راؤ نے کہاکہ 21 سالہ محمد سہیل اور 25 سالہ محمد رحمت احمد ساکن چھاؤنی ناد علی بیگ یاقوت پورہ 26 ستمبر کو سی ایچ مہیش نامی نوجوان اور اُس کے ساتھ موٹر سائیکل پر جانے والی ایک مسلم لڑکی کا تعاقب کرتے ہوئے اُنھیں جی پی او عابڈس کے پاس روک لیا۔ اُنھوں نے کہاکہ مہیش کو مذکورہ نوجوانوں نے شدید زدوکوب کیا اور مسلم لڑکیوں کے ساتھ گھومنے پر انتباہ دیا۔ بعدازاں نوجوانوں نے مسلم لڑکی کو اپنی گاڑی پر بٹھاکر دبیرپورہ چادرگھاٹ لے گئے اور اُنھیں مہاتما گاندھی بس اسٹیشن کے پاس چھوڑ دیا اور غیر مسلم نوجوانوں سے دوستی نہ کرنے کے لئے کہا۔ اِس حملہ کے واقعہ کے نتیجہ میں مہیش نے پولیس عابڈس سے ایک تحریری شکایت درج کروائی تھی جس کے نتیجہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سہیل اور رحمت کی گاڑی کی نشاندہی کی اور اُنھیں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے گرفتار نوجوانوں کے قبضہ سے درخواست گذار کے موبائیل فون کے علاوہ دو موٹر سائیکلیں بھی ضبط کرلی۔