اپنی کار پر دوسرے کی کار کا نمبر پلیٹ لگانے والے شخص کے خلاف کارروائی
حیدرآباد۔ یکم جنوری، ( سیاست نیوز) متحدہ ضلع ورنگل کے پرکال میں ایک شخص نے اپنی غیر معمولی چالاکی اور ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی کار کو کسی اور کار کا نمبر پلیٹ لگاکرمن مانی طور پر ٹریفک قوانین و موٹر وہیکل ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزیاں کرتے ہوئے گھوم پھر رہا تھا اور یہ سمجھ رہا تھا کہ کسی اور کار کا نمبر پلیٹ لگانے پر دوسرا نمبر رہنے کی وجہ سے کسی بھی نوعیت کی بے قاعدگیوں پر گرفتار نہیں ہوگا۔ لیکن اسپیڈ لیزرگن کی وجہ سے بالآخر پکڑا گیا۔ تفصیلات کے مطابق متاثرہ فرد اور بعض شہریوں نے بتایا کہ اسٹیشن گھن پور منڈل چنا پینڈیالا سے تعلق رکھنے والے رویندر ریڈی کی کار نمبر پلیٹ والی گاڑی’’ اوور اسپیڈ ‘‘ کے ساتھ گزرنے پر اسپیڈ لیزر گن کی نشاندہی پر چالان حقیقی کار مالک کے پتہ پرروانہ کیا گیا۔ اس طرح ایک سے زائد ’’ اوور اسپیڈ ‘‘ کے چالانات وصول ہونے پر حقیقی کار مالک کو شک و شبہ پیدا ہوا۔کیونکہ وہ کبھی بھی اوور اسپیڈ نہ جانے کے باوجود مسلسل چالانات وصول ہونے سے پریشان ہوا اور اس صورتحال پر پریشان حال کار مالک نے اپنی کار کا نمبرپلیٹ کوئی اور فرد اپنی گاڑی کو لگاکر گھومنے پھرنے اور تیز رفتاری کے ساتھ گاڑی چلانے کے تعلق سے سوچ کر اپنی گاڑی کے نمبر والی گاڑی کو تلاش کرنا شروع کیا اور بالآخر گزشتہ دن پرکا ل کے قریب اپنی گاڑی کا نمبر پلیٹ استعمال کرنے والے فرد کی شناخت کی اور اس فرد کی ریگونڈا منڈل کے موضع پوچم پلی سے تعلق رکھنے والے وینکٹ کی حیثیت سے نشاندہی کرلی گئی اور پھر متاثرہ فرد مسٹر رویندر ریڈی نے پولیس میں اس واقعہ کی شکایت کی۔ پولیس نے کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔