سیاہ قوانین تنگ نظری پر مبنی اور دستور کے مغائر، محمد امجد اللہ خاں خالد کا خطاب
ظہیرآباد۔/12فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی ظہیرآباد کے زیر اہتمام منظم کردہ غیر معینہ زنجیری بھوک ہڑتال کے آج 24 ویں دن کے موقع پر قائد مجلس بچاؤ تحریک و سابق کارپوریٹر عظیم تر حیدرآباد محمد امجد اللہ خان خالد نے یہاں ہڑتالی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی تاریخ شاہد ہے کہ جب کبھی حکمران طبقے کا ذہنی توازن خراب ہوجاتا ہے تو وہ اپنا عتاب اپنی ہی رعایا پر اُتارتے ہیں۔ ایسی صورتحال مرکز کے بی جے پی کے حکمرانوں کی ہے جنہوں نے ملک کا زمام اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنی عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اس پر طرفہ تماشہ یہ کہ شہریت ترمیمی قانون نے نہ صرف ان کی مایوسی میں اضافہ کیا بلکہ ان سے ملک کی شہریت طلب کرکے ان کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یوروپی ممالک، ہندوستان سے ترک وطن کرنے والے بلالحاظ مذہب و ملت لاکھوں ہندوستانیوں کو شہریت دینے میںعار نہیں سمجھتے لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک وشرمناک ہے کہ مرکز کی بی جے پی حکومت بیرونی ممالک سے ہندوستان آنے والوں کو صرف مذہب کی اساس پر شہریت دینا چاہتی ہے جو نہ صرف تنگ نظری پر مبنی اقدام ہے بلکہ دستور ہند کے مغائر بھی ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ بیرونی ممالک سے آنے والے شہریوں کو ہندوستانی شہریت دینے میں کوئی اعتراض نہیں لیکن اس ضمن میں مسلمانوں کو شامل نہ کرنے پر انہیں سخت اعتراض ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر مسلموں کا یہ سمجھ لینا کہ شہریت ترمیمی قانون کی ننگی تلوار صرف مسلمانوں کے سروں پر منڈلارہی ہے ایسا تصور کرنا بھی ان کیلئے خطرناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متنازعہ قانون کے خلاف ملک کے طول و عرض میں جاری احتجاج اور ملک کی چند ریاستوں میں اقتدار سے بے دخلی کے باعث بی جے پی چراغ پا ہوگئی ہے اور اس نے نفرت کے ایجنڈہ میں فحش کلمات کو بھی شامل کرلیا ہے جس سے یہ بات عیاں ہوجاتی ہے کہ بی جے پی کے پاؤں تلے زمین کھسک رہی ہے۔ انہوں نے ظہیرآباد کی عوام کے شعور کو سلام کیا کہ انہوں نے تلنگانہ و آندھرا کی ریاستوں میں سب سے پہلے غیر معینہ بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ دیگر مذہبی و سیاسی قائدین مولانا محمد مدثر دیشمکھ قاسمی، مولانا عبدالمجیب قاسمی، مولانا عبدالصبور قاسمی، مولانا سید نظام الدین، محمد معز الدین، محمد ماجد ، محمد اظہر نے بھی خطاب کیا۔ آج کی ہڑتال میں حصہ لینے والوں میں سید وقارپٹیل، محمد رضوان شاہ ، سید نظام الدین، عبدالقدیر، محمد سلیم قابل ذکر ہیں جبکہ مہمان مقرر محمد امجد اللہ خان خالد کی آمد پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے معاون کنوینرس محمد یوسف، محمد ایوب، محمد نصیر، محمد فاروق علی، محمد اعجاز پاشاہ، محمد محبوب غوری، محمد مقبول، سید حسینی، حافظ ارشاد، شیخ وحید ، محمد فخر الدین نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر عوام کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی۔