ہاسپٹل پہنچ کر غیر مقامی مریضوں سے وزیر فینانس ہریش راؤ کی ملاقات
حیدرآباد ۔23 اپریل(سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے غیر مقامی ورکرس اور ان کے خاندانوں کو بھروسہ دلایا کہ لاک ڈاؤن کے اختتام کے بعد وہ اپنی گاڑی میں مدھیہ پردیش روانہ کریں گے۔ سدی پیٹ گورنمنٹ ہاسپٹل میں زیر علاج مدھیہ پردیش کے خاندانوں سے ہریش راؤ نے آج ملاقات کی اور علاج کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کسی بھی ضرورت کیلئے ایک فون نمبر حوالے کیا تاکہ ربط پیدا کریں۔ سدی پیٹ میں موجود مدھیہ پردیش کے کئی خاندان واپسی کیلئے بے چین ہیں۔ ہریش راؤ نے یقین دلایا کہ وہ ان کی واپسی کا انتظام کریں گے۔ لاک ڈاون کے دوران متحدہ میدک ضلع کے نارائن کھیڑ سے رامائم پیٹ تک تقریباً 10 ہزار غیر مقامی مزدور پیدل مدھیہ پردیش کے لئے روانہ ہوگئے تھے۔ ان میں سے ایک حاملہ خاتون کی طبیعت بگڑنے پر ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے بہتر علاج کی سہولت کا انتظام کیا۔سدی پیٹ گورنمنٹ ہاسپٹل میں زیر علاج افراد سے ہریش راؤ نے ملاقات کی ۔ غیر مقامی ورکرس نے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال سے کافی پریشان ہیں اور وہ کسی بھی طرح گھر واپس جانا چاہتے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اگر 7 مئی کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی دی جاتی ہے تو وہ خصوصی گاڑیوں کا انتظام کرتے ہوئے مدھیہ پردیش روانہ کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر مدھیہ پردیش کے دفتر سے عہدیدار ربط میں ہیں اور مزدوروں کے بارے میں معلومات حاصل کر رے ہیں۔ ہریش راؤ نے ورکرس سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کے اختتام تک حکومت سے تعاون کریں ۔
