حیدرآباد۔/5 مئی، ( سیاست نیوز) صدر کانگریس سونیا گاندھی کی جانب سے غیر مقامی ورکرس کے ریل کرایہ کی ادائیگی سے متعلق اعلان کا کانگریس حلقوں میں زبردست خیر مقدم کیا گیا۔ سونیا گاندھی نے پردیش کانگریس کمیٹیوں کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ غیر مقامی ورکرس کا ریل کرایہ ادا کریں۔ تلنگانہ میں غیر مقامی ورکرس کا ریل کرایہ ادا کرنے کیلئے کئی قائدین نے عطیات کا اعلان کیا ہے۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی نے 10 لاکھ روپئے کے عطیہ کا اعلان کیا۔ سابق وزیر آر چندر شیکھر نے 2 لاکھ، سابق رکن راجیہ سبھی وی ہنمنت راؤ ایک لاکھ، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر ایک لاکھ، بی نائیک 50 ہزار اور جی نرنجن نے 25 ہزار روپئے عطیہ کا اعلان کیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کو موصول ہونے والے عطیات کی تفصیلات روزانہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کو روانہ کی جائیں گی۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے غیر مقامی ورکرس کے ریل کرایہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں طریقہ کار طئے کرنے پارٹی قائدین کے وفد کو روانہ کرنے کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی سی ٹاسک فورس کے کنوینر جی نرنجن، رکن اسمبلی جگا ریڈی، قومی ترجمان ڈی شراون اور آئی ٹی سل کے صدر نشین مدن موہن کو اس کام کیلئے تفویض کررہے ہیں۔ یہ وفد چیف سکریٹری سے ملاقات کے ذریعہ کرایہ کی ادائیگی کا طریقہ کار طئے کرے گا۔
