غیر مقیم ہندوستانیوں کے لیے آدھار کارڈ کا حصول آسان

   

ملک میں 180 دن کے قیام کی شرط میں نرمی ، حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات
حیدرآباد۔24ستمبر(سیاست نیوز) غیر مقیم ہندستانی جنہیں آدھار کارڈکے لئے درخواست داخل کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا حکومت نے اب ان دشواریوں کو دور کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی ہے۔ غیر مقیم ہندستانیوں کو آدھار کارڈ کے حصول کیلئے 180 یوم بلاوقفہ ہندستان میں قیام کا ثبوت پیش کرنالازمی تھا اور وہ 180 دن قیام کے بعد ہی آدھار کارڈ کے لئے درخواست داخل کرنے کے اہل تھے لیکن اب حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کوئی بھی غیر مقیم ہندستانی ملک پہنچتے ہی آدھار کارڈ کے لئے درخواست کے ادخال کو ممکن بنا سکتا ہے ۔یونیک آئیڈینٹیفیکیشن اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ہندستانی پاسپورٹ رکھنے والے کسی بھی ہندستانی کو اب آدھار کارڈ کے لئے درخواست کے ادخال میں کوئی دشواری کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا بلکہ اس میں موجود مشکلات کو دور کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ بیرون ممالک خدمات انجام دینے والے غیر مقیم ہندستانی جو کہ اب تک آدھار کے حصول میں ناکام تھے کیونکہ انہیں اگر آدھار کارڈ بنانا ہے تو اس کے لئے انہیں 3ماہ کیلئے اپنے جائے پیدائش اور ملک میں قیام کرنا لازمی تھا اور ا سکے بعد ہی وہ آدھرا کیلئے درخواست داخل کرنے کے اہل تھے جس کے سبب غیر مقیم ہندستانیوں کی بڑی تعداد آدھار کارڈ کے حصول سے محروم تھی اور آدھار کارڈ کی تیاری میں انہیں مشکلات کے سبب وہ نہیں چاہ رہے تھے کہ اپنا آدھار کارڈ بنائیں لیکن حکومت نے غیر مقیم ہندستانیوں کے اس مسئلہ کو دیکھتے ہوئے اسے حل کرنے کے سلسلہ میں پیشرفت کی جس کے نتیجہ میں اب غیر مقیم ہندستانی ملک پہنچتے ہی آدھار کارڈ اور اپنی بائیو میٹرک شناخت کیلئے درخواست داخل کرسکتا ہے۔غیر مقیم ہندستانیوں نے بتایا کہ 182 یوم کے انتظار کی مدت کے سبب کئی غیر مقیم ہندستانی اپنے افراد خاندان کے آدھرا کارڈ بھی تیار نہیں کرواسکے ہیں لیکن اب جبکہ اس شرط کو برخواست کیا گیا ہے تو غیر مقیم ہندستانیوں کو اس سلسلہ میں بڑی راحت حاصل ہوئی ہے۔UIDAI ذرائع کے مطابق غیر مقیم ہندستانیو ںکیلئے 182دن انتظار اور ملک میں قیام کی شرط کو برخواست کرنے کیلئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جا چکی اور دیگر اصول اور ضوابط ان کیلئے وہی ہیں جو اب تک شرائط میں شامل تھے ان میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی ۔