نیویارک : امریکہ کے محکمہ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ فیس بک کو ملازمتیں دینے میں امریکی شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے اور ان کے مقابلے میں غیر ملکیوں کو ترجیح دینے پر 47 لاکھ ڈالرز بطور جرمانہ ادا کرنا ہوں گے اور اہل متاثرین کو 95 لاکھ ڈالر بطور معاوضہ بھی دینا پڑیں گے۔خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق ملازمت کے لیے امریکہ کے شہریوں پر عارضی ویزہ رکھنے والے افراد کو فوقیت دینے کا یہ عمل جنوری 2018 سے ستمبر 2019 تک جاری رہا۔محکمہ انصاف کے مطابق فیس بک نے عارضی ویزہ رکھنے والوں کو ملازمت کے لیے ترجیح دی اور ان کے مقابلے میں امریکہ کے شہریوں، قانونی طور پر مستقل سکونت اختیار کرنے والے افراد، سیاسی پناہ گزینوں اور مہاجرین کو ملازمت دینے سے انکار کو معمول بنایا۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ فیس بک نے عارضی ویزہ رکھنے والوں کو گرین کارڈ حاصل کرنے میں بھی مدد فراہم کی۔واضح رہے کہ امریکہ میں گرین کارڈ مستقل سکونت اور مستقل ملازمت کا اہل بناتا ہے۔ ایک علیحدہ تصفیے میں کمپنی نے ملازمین کو امتیازی سلوک کے خلاف قوانین پر آگاہی فراہم کرنے اور ملازمتوں پر بھرتیوں کے لیے تلاش کا دائرہ کار وسیع کرنے کی بھی حامی بھری ہے۔