غیر ملکیوں کو پناہ نہ د ینے طالبان کا اپنے جنگجوؤں کو حکم

   

خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ‘سوشیل میڈیا پر وائرل
کابل: افغان طالبان نے اپنے جنگجووں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں غیر ملکیوں کو پناہ نہ دیں اور اس تاثر کو زائل کریں کہ امریکہ سے گزشتہ برس ہونے والے امن معاہدے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔طالبان کے نام نہاد ملٹری کمشنز نے جنگجووں کو ارسال کردہ مبینہ پیغام میں ہدایت کی ہے کہ ‘تمام کمانڈرز اور مجاہدین غیر ملکیوں کو تنظیم میں کسی بھی قسم کا عہدہ دینے یا اْنہیں پناہ دینے سے اجتناب کریں۔”طالبان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ حکم نامہ کی خلاف ورزی کرنے والے کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ایسے شخص کو تنظیم سے الگ بھی کیا جا سکتا ہے۔پشتو زبان میں جاری احکامات کی تصدیق کے لیے میڈیا نے جب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد سے رابطہ کیا تو اْن کا کہنا تھا وہ اعلیٰ ذمہ داران سے معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی کوئی جواب دے سکتے ہیں۔طالبان کی جانب سے مبینہ احکامات ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب امریکی صدر جو بائیڈن کی حکومت نے امریکہ اور طالبان کے درمیان فروری 2020 میں ہونے والے امن معاہدے پر نظر ثانی کا اشارہ دیا تھا۔امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی نے چہارشنبہ کو میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ طالبان سے ہونے والے امن معاہدے پر نظرثانی کا عمل جاری ہے۔طالبان وفد کے اراکین دوحہ میں افغان حکومتی عہدیداروں سے مصافحہ کر رہے ہیں۔