غیر ملکی تبلیغیوں کیخلاف عائد کردہ دفعات بے بنیاد

   

عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم : مولانا ارشد مدنی
نئی دہلی12جون (سیاست ڈاٹ کام ) سہارنپور کی ایک عدالت نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے 57 غیرملکی جماعتیوں پرغیرملکی قوانین کے تحت عائد تمام دفعات کو بے بنیاد تسلیم کرتے ہو ئے سبھی جماعتیوں کو رہاکردیا۔اس فیصلہ سے ان کا وطن لوٹنا آسان ہوگیا ہے ۔ صدرجمعیۃعلماء ہند مولانا ارشد مدنی نے اس فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے دیگر مقامات پرزیر حراست غیر ملکی جماعتیوں کیلئے عدالتی جد و جہد کے عزم کا اعادہ کیا۔اترپردیش پولیس نے ان غیر ملکی جماعتیوں کے خلاف وبا ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔ ایف آئی آر میں ان کے خلاف وبا اور غیرملکی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے غیرملکی جماعتیوں کو ملزم مانتے ہوئے سبھی دفعات کے تحت عدالت میں چالان پیش کیا تھا۔اس معاملے میں عدالت نے سماعت کرتے ہوئے 57غیر ملکی جماعتیوں کو رہاکرنے کاحکم دیا۔ اور ان پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا۔