غیر ملکی دباؤ میں کیے گئے معاہدے ملک کے مفاد کے مغائر:کھرگے

   

نئی دہلی، 12 فروری (یواین آئی) کانگریس کے صدر ملیکارجن کھرگے نے مرکز کی حکومت پر سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی دباؤ میں کیے گئے معاہدے ملک کے مفاد کے خلاف ہیں اور حکومت کی پالیسیاں کروڑوں محنت کش کسانوں، مزدوروں اور کارکنوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ کھرگے نے نئے لیبر قوانین اور منریگا کو کمزور کرنے کے الزامات پر مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ ملک بھر میں ٹریڈ یونینیں، کسان اور مزدور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر اتر کر احتجاج کر رہے ہیں۔ حکومت کی پالیسیاں کروڑوں محنت کش کسانوں، مزدوروں اور کارکنوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی دباؤ میں کیے گئے معاہدے ملک کے مفاد کے خلاف ہیں اور اس سے عام شہریوں کی زندگی پر منفی اثر پڑ رہا ہے ۔ چھوٹے تاجر، مزدور اور عام لوگ اس مبینہ عوام مخالف ڈیل کی سب سے زیادہ مخالفت کر رہے ہیں۔ کانگریس صدر نے یہ بھی کہا کہ پارٹی اس مسئلے پر سڑک سے لے کر پارلیمنٹ تک جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے حکومت سے کسانوں اور مزدوروں کے مفادات کے تحفظ کا مطالبہ بھی کیا۔