جموں: جموں و کشمیر کے دو روزہ دورہ پر آئے 24 ممالک سے تعلق رکھنے والے سفارتکاروں کا اعلیٰ سطحی وفد جمعرات کی صبح سری نگر سے روانہ ہو کر سرمائی دارلحکومت جموں پہنچ گیاجہاں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے راج بھون میں لنچ پر ملاقات کی اور اسمبلی انتخابات کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ منوسنہا نے بتایا کہ حدبندی کا کام جاری ہے۔ قبل ازیںوفد کے اراکین جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس گیتا متل کے ساتھ بھی ملاقات کا پروگرام۔جمعرات کی شام کو دہلی روانگی سے قبل یہ وفد ڈی ڈی سی چیئر پرسنز، پنچایتی نمائندوں کے علاوہ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملے گا۔ سفارتکاروں کے اس وفد نے چہارشنبہ کو سرینگر اور بڈگام میں اہم سیاسی جماعتوں کے لیڈروں،نو منتخب ڈی ڈی سی چیئر پرسنس پنچایتی ممبروں، سری نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر و عہدیداروں اور دیگر عوامی وفود سے ملاقاتیں کیں اور درگاہ حضرت بل میں بھی حاضری دی۔جموں و کشمیر آنے والے غیر ملکی سفارتکاروں کے وفد میں یورپی یونین کے علاوہ فرانس، اسپین، بیلجیم، اٹلی، سویڈن، آئرلینڈ، ہالینڈ، فن لینڈ، چلی، برازیل، کیوبا، بولوویا، پرتگال، بنگلہ دیش، ملاوی، آئیوری کوسٹ، گھانا، سنیگال، ملائشیا، تاجکستان اور کرغزستان کے سفارت کار بھی شامل ہیں۔
