غیر منظم شعبہ کے ورکرس کیلئے مرکز اور ریاست سے امدادی پروگرام

   

ڈسمبر تک انرولمنٹ مکمل کیا جائے، چیف سکریٹری سومیش کمار کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔/3 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے محکمہ لیبر کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ مختلف غیر منظم شعبہ جات میں کام کرنے والے ورکرس کے رجسٹریشن ایکشن پلان تیار کریں۔ ای ۔ شرام پورٹل پر غیر منظم شعبہ کے ورکرس کو 31 ڈسمبر تک انرول کیا جانا چاہیئے۔ چیف سکریٹری نے محکمہ لیبر اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں ورکرس کے انرولمنٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ خصوصی مہم اور ورکرس کو کامن سرویس سنٹرس پر جمع کرتے ہوئے رجسٹریشن کے عمل میں تیزی پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ، دیہات اور وارڈ کی سطح پر ورکرس کی سہولت کیلئے سنٹرس قائم کئے جائیں اور ہر ضلع میں ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ اس کام کی نگرانی کریں ۔ منڈل اور دیہات کی سطح پر تیزی کے ساتھ یہ کام مکمل کیا جائے۔ چیف سکریٹری نے ریاستی سطح کے نوڈل آفیسرس اور ضلع سطح کی کمیٹیوں کو باہمی تال میل کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو چاہیئے کہ وہ رجسٹریشن کے بارے میں شعور بیداری کیمپس کا اہتمام کریں جس میں غیر منظم ورکرس کو مرکز اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے فوائد سے واقف کرایا جائے۔ ای۔ شرام اسکیم کے تحت غیر منظم شعبہ کے ورکرس کے فوت ہونے پر 2 لاکھ روپئے اور معذور ہونے پر ایک لاکھ روپئے کی امداد دی جاتی ہے۔ چیف سکریٹری نے لیبر ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاستی سطح کی نگرانکار کمیٹی تشکیل دیں اور ضلع سطح کی کمیٹیوں کی نگرانی ضلع کلکٹرس کو دی جائے۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری رانی کمودنی، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، کمشنر لیبر احمد ندیم، سکریٹری زراعت رگھونندن راؤ، بی دیویا، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، ڈاکٹر ست نارائنا اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ر