غیر منظم مزدوروں کو معاشی امداد فراہم کرنے کی مساعی

   

کانگریس کی ملحقہ تنظیم ’’کے کے سی‘‘ کا مئی یا جون میں اجلاس، بودھن میں کے کروناکر ریڈی کی پریس کانفرنس

بودھن ۔ 2 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی کی ملحقہ تنظیم کامدار کرما چاری کانگریس کے قومی کوآرڈینیٹر و ریاست تلنگانہ کے انچارج کیپٹن کروناکر ریڈی نے آج بودھن کے منڈل ایڈپلی میں اپنے پارٹی آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ماہ مئی کے اواخر یا جون کے پہلے ہفتہ میں بودھن مستقر پر کے کے سی کانگریس کے اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا جس میں کے کے سی کانگریس کے تقریباً 50 ہزار ممبرس کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس اجلاس میں ریاستی صدر کے کے سی لکشمن کے علاوہ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور ضلع و ریاستی سطح کے سینئر پارٹی قائدین شرکت کریں گے۔ کیپٹن ریڈی نے کہا ملک کی آبادی میں سے 70 کروڑ افراد کا تعلق غیر منظم طریقہ پر کام کاج کرنے والے افراد پر مشتعمل ہے۔ ایسے افراد کو معاشی مدد فراہم کرنے راہول گاندھی نے کانگریس دور حکومت میں پارلیمنٹ میں ایک تجویز پیش کی تھی جس کو تب کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کی کابینہ نے قبول کرتے ہوئے ایک جی او جاری کیا تھا۔ اس جی او کے تحت شہری و دیہی علاقہ میں غیر منظم طریقہ پر محنت و مزدوری کرنے والوں کو بلدی عہدیدار کو ایک شناختی کارڈس جاری کرنے کی مرکزی حکومت نے ہدایت دی تھی اور اس طرح کے شناختی کارڈس رکھنے والوں کو قومیائے ہوئے بینکس بغیر کسی ضمانت کے کم از کم 10 ہزار روپے قرض جاری کرتی ہے۔ کیپٹن نے کہا غریب مزدور پیشہ افراد میں بیداری لانے سب سے پہلے حلقہ اسمبلی بودھن میں کے کے سی کے اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ قبل ازیں کیپٹن کروناکر ریڈی نے نوتشکیل کے کے سی کے ریاستی کوآرڈینیٹر شنکر نائیڈو کے نام کا اعلان کیا اور اس طرح نظام آباد ضلع صدر کی حیثیت سے بھاسکر راجو اور ڈسٹرکٹ اسٹریٹ وینڈرس کی صدر کی حیثیت سے خواجہ فیاض الدین سابقہ کونسلر کے علاوہ حلقہ اسمبلی بودھن کے نونامزد عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا۔