غیر موسمی بارش سے تباہ فصلوں کے معاوضہ کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

کانگریس قائدین کی وزیر زراعت نرنجن ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد۔/20اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کسان سیل کے قائدین نے آج وزیر زراعت نرنجن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کے سبب فصلوں کو ہوئے بھاری نقصانات سے واقف کرایا۔ اے آئی سی سی کسان سیل کے نائب صدر نشین ایم کودنڈا ریڈی، تلنگانہ کسان کانگریس کے صدر انوش ریڈی اور دوسروں نے کسانوں کو ہوئے بھاری نقصانات پر تفصیلی یادداشت پیش کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت کی جانب سے کسانوں کو مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے غیر موسمی بارش نے دھان، مکئی اور دیگر فصلوں کو تباہ کردیا ہے جس سے کسان بھاری نقصان کا سامنا کررہے ہیں۔ ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں کسانوں کا تحفظ کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئی کے پی مراکز میں پیداوار کو رکھے جانے سے بھاری نقصان ہورہا ہے۔ کودنڈا ریڈی نے بتایا کہ حکومت خصوصی مراکز قائم کرتے ہوئے فصلوں کی خریدی کا انتظام کرے۔ وزیر زراعت سے پانچ مطالبات پر مشتمل یادداشت پیش کی گئی جس میں دھان کی خریدی کے مراکز کے قیام، کسانوں سے حمالی کے چارجس وصول نہ کرنے اور متاثرہ دھان کی مکمل خریدی جیسے مطالبات شامل ہیں۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کودنڈا ریڈی نے کہا کہ حکومت جو کسانوں کی بھلائی کے بلند بانگ دعوے کرتی ہے اسے اب اپنی کارکردگی ثابت کرنے کا وقت آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے لہذا حکومت کو چوکسی اختیار کرنی چاہیئے تاکہ کسان بھاری نقصانات سے بچ سکیں۔