غیر کارکرد قائدین کو عہدوں سے ہٹانے آر سی کنتیا کی ہدایت

   

سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس، پارٹی کو مستحکم کرنے پر زور
حیدرآباد ۔4۔ڈسمبر (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے آج گاندھی بھون میں کانگریس کے اہم قائدین کا اجلاس طلب کیا۔ نئی دہلی میں 14 ڈسمبر کو اے آئی سی سی کے بھارت بچاؤ پروگرام میں تلنگانہ سے قائدین کی شرکت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ضلع کانگریس صدور اور سینئر قائدین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ ہر اسمبلی حلقہ سے طئے شدہ تعداد میں قائدین اور کارکنوں کی نئی دہلی روانگی کے انتظامات کریں۔ مرکزی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے قومی سطح پر ریالی منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ملک بھر سے کانگریس قائدین اس ریالی میں شرکت کریں گے۔ آر سی کنتیا نے کہا کہ بی جے پی کی معاشی پالیسیوں نے عوام کو بحران سے دوچار کردیا ۔ ملک کی شرح ترقی گزشتہ 40 برسوں کے مقابلہ بری طرح زوال پذیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی معاشی پالیسیوں کا اثر تمام شعبہ جات پر پڑا ہے۔ صنعتیں بند ہورہی ہیں جس کے نتیجہ میں بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوگیا۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ ہر ضلع کے سرگرم قائدین کے علاوہ ریاستی سطح کے تمام قائدین نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ اس موقع پر آر سی کنتیا نے غیر کارکرد قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس عاملہ ، کور کمیٹی اور دیگر اداروں میں شامل قائدین کو پابندی کے ساتھ اجلاسوں میں شرکت کرنا چاہئے ۔ اگر کوئی شرکت سے گریز کریں تو انہیں کمیٹیوں سے علحدہ کردیا جائے۔ انہوں نے ضلع کانگریس کمیٹیوں کی کارکردگی بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے تمام ضلع یونٹس کو سرگرم ہونا پڑے گا ۔ کنتیا نے اس بات کا اشارہ دیا کہ غیر کارکرد ضلع کانگریس صدور کو تبدیل کردیا جائے گا ۔ اجلاس میں سابق اپوزیشن لیڈرس کے جانا ریڈی ، محمد علی شبیر ، ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، اے آئی سی سی ترجمان ڈی شراون ، فیروز خان اور دوسروں نے شرکت کی۔