کابل۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغان عہدیداروں کے مطابق ایک بارڈر پولیس اہلکار کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں ایک اطالوی فوجی مشیر بال بال بچ گیا۔ ہیرات صوبہ میں فوجی مشیر کی بکتر بند گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا۔ دریں اثناء صوبائی گورنر کے ترجمان جیلانی فرہاد نے بتایا کہ فوجی مشیر افغان عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کے بعد اپنی بکتر بند گاڑی میں واپس ہورہے تھے کہ ان کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس میں ایک خاتون پولیس اہلکار زخمی ہوگئی تاہم اس کے فوری بعد حملہ آور کو بھی گولی مارکر ہلاک کردیا گیا۔ دوسری طرف ایک سینئر پولیس عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ (اسے اس واقعہ سے متعلق میڈیا سے بات کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے) جس فوجی مشیر پر فائرنگ کی گئی وہ اطالوی شہری تھا۔ اب تک کسی فرد یا تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے تاہم اکثر و بیشتر سکیورٹی فورسیس پر طالبان ہی حملہ کرتے آئے ہیں لہذا اس بار بھی طالبان ہی اس حملے میں ملوث ہوسکتے ہیں۔