ہائی کورٹ میں حکومت کی رپورٹ، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے عہدیداروں کا معائنہ
حیدرآباد ۔ تلنگانہ میں فائر سیفٹی اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر 40 جونیر کالجس کو بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے عہدیداروں نے جونیر کالجس کا معائنہ کرنے کے بعد 40 کالجس کو قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا۔ بتایا جاتا ہے کہ 68 جونیر کالجس کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی ہے ان میں سے 40 ایسے ہیں جو بنیادی قواعد کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے ہائی کورٹ میں رپورٹ پیش کی گئی۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ کو سرکاری وکیل نے بتایا کہ 40 کالجس غیر محفوظ عمارتوں میں کام کررہے ہیں۔ لہذا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو کارروائی کرنی پڑی۔ بعض کالجس انتظامیہ نے احکامات کو ہائی کورٹ میں چیالنج کیا۔ 20 کالجس نے اپنی عمارتوں میں تبدیلی کرتے ہوئے فائر سیفٹی اتھاریٹی سے این او سی حاصل کیا ہے۔ حکومت نے بتایا کہ فائر سیفٹی اقدامات پر 20 کالجس کو مسلمہ حیثیت دی گئی ہے۔ بعض کالجس نے اپنی نئی عمارتوں کا انتخاب کیا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے مفاد عامہ کی درخواست کے تحت شکایت کی گئی کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کالجس کے خلاف کارروائی سے گریز کررہا ہے جس کے نتیجہ میں طلبہ کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔