فائر سیفٹی کی خلاف ورزی ‘40کالجس کو جرمانہ

   

حیدرآباد۔ ہائی کورٹ نے فائر سیفٹی اقدامات کے بغیر اداروں اور کالجس کے قیام پر 25 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ۔ یہ جرمانہ 9 مختلف ٹرسٹس و گروپس کے 40 جونیر کالجس پر عائدکیا گیا جو فائر سرویس سے این او سی کے بغیر کالجس چلارہے ہیں۔ عدالت نے جرمانہ کی یہ رقم اسٹیٹ لیگل سرویس اتھارٹی میں اندرون دو ہفتے جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔ نارائنا ، چیتنیہ، گائیتری، گوتمی، سری ویشنوی اور دیگر گروپس کے اداروں پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ان اداروں نے فائر سیفٹی ڈپارٹمنٹ سے جاری کردہ نوٹس اور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی جانب سے الحاق کی عدم منظوری کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی برسوں سے وہ ان عمارتوں میں کلاسیس چلارہے ہیں۔ فائر ڈپارٹمنٹ سے این او سی کے بغیر انہیں بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے مسلمہ حیثیت جاری کی ہے۔ عدالت نے ان کی درخواست کو مسترد کردیا اور واضح کردیا کہ طلبہ کا تحفظ اہمیت کا حامل ہے۔ عدالت نے تمام اداروں پر جرمانہ عائد کیا۔