فائر ڈپارٹمنٹ میں بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف

   

سری نگر،یکم جولائی(یو این آئی) جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ میں بھرتی کے عمل میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 2020 میں فائر مین اور فائر مین ڈرائیورز کی بھرتیوں کے دوران متعدد امیدواروں کو غلط طریقے سے منتخب کیا گیا۔ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شکایت کی بنیاد پر کی گئی جانچ پڑتال میں بھرتی کے عمل میں مداخلت اور دھوکہ دہی کی کئی مثالیں سامنے آئیں۔ اس سلسلے میں یکم جنوری 2025 کواے سی بی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر زیر نمبر 1/25کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں مختلف پہلوؤں پر گہرائی سے کام ہو رہا ہے ، جس میں غلط طریقے سے منتخب امیدواروں کی شناخت، ان کے مالی لین دین کا جائزہ، اور رقم کی منتقلی کے سلسلے کو سمجھنے کے لیے بینک ٹرانزیکشنز کا تفصیلی مطالعہ شامل ہے ۔ اس کے علاوہ ایجنٹس کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے جن کے ذریعہ بھرتی کے دوران غیر قانونی رقم کی گردش ہوئی۔
تاکہ معاملے میں شامل اعلیٰ سطح کے ذمہ داروں کو سامنے لایا جا سکے ۔