فائزر اور موڈرنا ویکسین کیلئے ہندوستان کی منظوری کا انتظار: امریکہ

   

نئی دہلی: امریکہ نے کہا ہے کہ وہ کورونا ویکسین پر حکومت ہند کی جانب سے ہری جھنڈی دکھائے جانے کا انتظار کر رہا ہے۔ امریکہ کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم جو ویکسین دیگر ممالک کو بھیج رہے ہیں وہی ویکسین ہندوستان کو بھیجے جانے کے لئے حکومت ہند کی منظوری کا انتظار کیا جا رہا ہے۔محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا، ’’حکومت ہند سے ہری جھنڈی دکھائے جانے پر ہم ان ٹیکوں کو تیزی کے ساتھ برآمد کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ٹیکے پاکستان، نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش کو برآمد کیے جا رہے ہیں لیکن ہندوستان کے معاملہ میں وقت لگ رہا ہے کیونکہ ایمرجنسی طور پر درآمدگی میں کچھ دقتیں ہیں۔‘‘امریکہ نے اپنے گھریلو ذخیرے سے 80 ملین خوراکیں دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ مشترک کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ہندوستان کو بھی موڈرنا اور فائزر کی 3 سے 4 ملین تک خوراکیں حاصل ہونے کی امید ہے۔ وہیں دوسری جانب موڈرنا کو ہندوستان کے ڈرگ کنٹرولر جنرل کی جانب سے ایمرجنسی استعمال کی جازت فراہم ہو چکی ہے۔ وہیں، فائزر نے تاحال ہندوستان میں ایمرجنسی استعمال کے لئے درخواست ہی پیش نہیں کی ہے۔محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا، “ہمارے ٹیکوں کی خوراکیں بھیجنے سے قبل یہ ضروری ہے کہ تمام ممالک اپنے مقامی نقل و حمل، ضابطہ کار اور قانونی عمل کو پورا کر لیں۔ ہندوستان نے متعلقہ اصول و ضوابط کا جائزہ لینے کے لئے مزید وقت کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بار جب ہندوستان قانونی عمل کو مکمل کر لے گا تو ہم تیزی کے ساتھ ہندوستان کو ویکسین فراہم کریں گے۔