فائنل میں پہلی اننگز کی بولنگ کیسی ہو ہمیں اندازہ ہوچکا :ہیز ل ووڈ

   

کولکتہ۔ آسٹریلیائی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کا ماننا ہے کہ ان کی ٹیم کو اب ایک بلیو پرنٹ مل گیا ہے کہ اگر وہ ورلڈ کپ کے فائنل میں اتوار کو مودی اسٹیڈیم میں ہندوستان کے خلاف پہلے بولنگ کرتے ہیں تو بولنگ لائن اپ کوکیا کرنا ہوگا۔ ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک نے اپنے ٹسٹ میچ جیسے لائن اور لینتھ کے ساتھ جنوبی افریقہ کو پہلے سیمی فائنل کے ابتدائی اوورس میں تیزی سے 24/2 تک محدود کردیا تھا اور جمعرات کو ایڈن گارڈنز میں ہوئے سیمی فائنل میں تین وکٹوں کی جیت کی بنیاد رکھی۔ پانچ بارکے چمپئنز نے اتوارکو ہونے والے اپنے آٹھویں مردوں کے ونڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں قدم رکھا ہے، جو جنوبی افریقہ میں ہندوستان کے خلاف 2003 کے ورلڈ کپ کے فائنل کا اعادہ بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بہت بڑا میچ ہے، اور جتنا بڑا کھیل اتنا ہی اہم ہوتا جاتا ہے۔ ہم نے اس کے بارے میں بات کی، ایسا لگتا ہے کہ جب ہم دوسری اننگز میں بولنگ کرتے ہیں تو ہم گیند کے ساتھ واقعی اچھی شروعات کرتے ہیں، شاید پہلی اننگز سے کہیں زیادہ بہتر۔ ہیزل ووڈ نے مزید کہا کہ ہم نے (چہارشنبہ کو) ایک میٹنگ میں اس کے بارے میں بات کی اور سیمی فائنل میں اس حکمت عملی کو روبہ عمل لیا جو کہ بہت خوش کن تھا۔ لہذا ہمیں اب بلیو پرنٹ معلوم ہے اگر ہم پہلے بولنگ کرتے ہیں تو کیا کرنا ہے اور امید ہے کہ اتوارکو ہندوستان کے خلاف یہ دوبارہ کریں گے۔ آسٹریلیا نے8 اکتوبر کو ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ٹورنمنٹ کے اپنے افتتاحی میچ میں ہندوستان سے مقابلہ کیا تھا، جہاں پہلے دو اوورز میں میزبان ٹیم کو 2/3 تک محدود کرنے کے باوجود اسے چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سنسنی خیز مقابلے میں کے ایل راہول اور ویراٹ کوہلی کے درمیان 165 رنز کی شراکت نے ہندوستان کو 200 کے تعاقب میں اپنے دس میچوں کی جیت کا سلسلہ شروع کروایا تھا۔آسٹریلیا اس سے قبل احمد آباد میں کھیلا تھا جہاں اس نے انگلینڈ کو 33 رنز سے شکست دی تھی۔ میدان کے تعلق سے ہیزل ووڈ نے کہا کہ میرا اندازہ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا میدان ہونے کے ساتھ دیگر میدانوں سے تھوڑا مختلف ہے۔ انہوں نے مزید ہم نے احمد آباد میں انگلینڈ کے ساتھ کھیلا ہے اور وکٹ بالکل فلیٹ ٹریک نہیں بلکہ کافی اچھی تھی، اس لیے میں کچھ توقع کرتا ہوں کہ فائنل میں بھی پچ اس سے ملتی جلتی ہوگی ۔