واشنگٹن :وزیر اعظم نریندر مودی نے ہند ۔امریکہ شراکت کے پانچ ستونوں کی شکل میں ’فائیو۔ٹی‘ ٹریڈیشن ، ٹیلنٹ ، ٹکنالوجی ، ٹریڈ اور ٹرسٹی شپ کو نمایاں کیا ہے ۔مودی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ اپنی پہلی باہمی میٹنگ میں ہند ۔امریکہ شراکت داری کے اہم ستونوں کو ’فائیو۔ ٹی‘ کی شکل میں نمایاں کیا ۔وزیراعظم نے ہندی میں اپنی افتتاحی تقریر میں کہا کہ 2014 اور 2016 میں پہلے کی میٹنگ میں انہیں تفصیل سے بات کرنے کا موقع ملا تھا۔ انہوں نے کہاکہ صدر محترم ، اس وقت آپ نے ہند۔ امریکہ تعلقات کے لیے ایک جامع اور وسیع نقطہ نظرپیش کیاتھا اور وہ متاثر کن اور دور اندیشی پر مبنی تھا ۔آج ، بطور صدر ، آپ اس ویںن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام کوششیں اور اقدامات کر رہے ہیں۔باہمی تعلقات کے مستقبل کے تناظرمیں ، مودی نے کہا’’میں جو دیکھ رہا ہوں وہ 21 ویں صدی کا تیسرا عشرہ ہے اوریہ تیسری دہائی کا پہلا سال ہے ۔ جب میں پوری دہائی پر نظر ڈالتا ہوں تو مجھے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کی قیادت میں ہند۔امریکہ تعلقات کی توسیع کے بیج بوئے گئے ہیں۔ دنیا کے تمام جمہوری ممالک کے لیے یہ تبدیلی کا دور ثابت ہونے والا ہے ۔ میں اسے بہت واضح طور پر دیکھ سکتا ہوں۔‘‘مودی نے روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری روایات اور اقدار کے تعلق سے دونوں ممالک پرعزم ہیں اور جب میں اس کے بارے میں بات کرتاہوں تو مجھے لگتا ہے کہ ان کی اہمیت مزید بڑھے گی۔ٹیلنٹ (صلاحیت) پر انہوں نے امریکہ کی ترقی میں تعاون کرنے والے تقریباً 40 لاکھ ہندنژاد امریکیوں کاذکر کیا اورکہاکہ جب میں اس دہائی کی اہمیت اور ہندوستانیوں اور امریکیوں کے کردار کودیکھتا ہوں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ لوگوں کی صلاحیت آگے بھی بڑاکرداراداکرے گی اور اس میں آپ کا تعاون بہت اہم ہونے والا ہے ۔ ٹیکنالوجی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج دنیا میں سب سے اہم ڈرائیونگ فورس ٹیکنالوجی کی ہوگی اور ٹیکنالوجی کی یہ طاقت خد مت اورانسانیت کے استعمال کے لیے ہوگی۔ میرے خیال میں اس کے لیے شاندارمواقع آئیں گے ۔ٹریڈ (تجارت) کے تناظر میں انہوں نے کہاکہ ہندامریکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت واقعی تکمیلی ہے ۔ کچھ چیزیں ہیں جو آپ کے پاس ہیں اور کچھ چیزیں جو ہمارے پاس ہیں ، لہذا ہم واقعی ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔ میرے خیال میں اس دہائی میں کاروباری شعبہ بھی بہت اہم ہوگا۔ ٹرسٹی شپ کے مسئلہ پر وزیر اعظم نے 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی کا حوالہ دیا اور کہا کہ گاندھی ہمیشہ ٹرسٹی شپ کے اصول کے بارے میں بات کرتے تھے ۔ ہمارے پاس جو کچھ ہے ، اسے ہمیں آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہے اور ٹرسٹی شپ کا یہی جذبہ ہند۔ امریکہ تعلقات کے درمیان ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر سب سے اہم ہوگا۔