فارسی ، اردو مخطوطات کے تحفظ کے اقدامات

   

نور انٹرنیشنل اور تلنگانہ آرکائیوز انسٹی ٹیوٹ میں معاہدہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ) : نور انٹرنیشنل میکرو فلم سنٹر ، ایران کلچر ہاوز ، نئی دہلی نے تلنگانہ اسٹیٹ آرکائیوز اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ تارناکہ کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت 1406 اے ڈی (قبل مسیح ) کے بہمنی دور ، 19 ویں صدی میں عادل شاہی ، قطب شاہی اور آصف جاہی دور کے مخطوطات اور ریکارڈز کا ڈیجیٹلائزیشن ، درستگی ، تحفظ اور زمرہ بندی کی جائے گی جو بھاری تعداد میں دستیاب ہیں ۔ تقریبا 44 ملین دستاویزات کے منجملہ 33 ملین دستاویزات فارسی اور اردو زبانوں میں ہیں کیوں کہ گذشتہ 700 برسوں سے فارسی دکن کی سرکاری زبان رہی جس کی وجہ سے ہندوستان اور ایران کی تہذیب کے درمیان یکسانیت پائی جاتی ہے ۔ 2022 میں بھی دکن کی تاریخ اور تہذیب کے تحفظ کے لیے دونوں تنظیموں کے درمیان ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے تھے ۔ گذشتہ دو برسوں سے ماہرین کی ایک ٹیم ان شعبوں میں کام کررہی ہے اور 15 لاکھ سے زیادہ دستاویزات کو ڈیجیٹلائز کیا گیا اور تقریبا 2 لاکھ دستاویز کی درستگی کا کام انجام دیا گیا ہے جس پر ہنوز کام جاری ہے ۔ ڈائرکٹر نور انٹرنیشنل میکرو فلم سنٹر ڈاکٹر مہدی خاجی پوری نے اس ضمن میں حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے ماہرین کی ٹیم کے کاموں کا معائنہ کیا اور بیشتر دستاویزات کی نگرانی کے لیے مزید کام کو آگے بڑھانے سے متعلق مشورہ دیا کیوں کہ دستاویزات انتہائی خستہ حالت میں ہیں جن پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ آرکائیوز اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر زرینہ پروین کے تعاون سے دستاویزات کا تحفظ اور زمرہ بندی کا کام جاری ہے ۔۔