فارس قادری کی ناگپور میں انوکھی مہم، قائدین پریشان

   

شہر کے کارپوریٹر خود کو گھر میں بند کرلینے پر مجبور

حیدرآباد۔ سیاسی قائدین کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے اور بے باک انداز میں سیاسی قائدین کو جھنجھوڑنے والے معروف سماجی کارکن فارس قادری نے اپنے انوکھے انداز میں سماجی بھلائی کی ایک اور مہم چھیڑ دی ہے۔ ناگپور شہر کے مسائل اور شہریان کو درپیش مشکلات پر اب وہ نمائندگی کرنے لگے ہیں۔ ان کی اس انوکھی مہم سے ناگپور شہر کے کئی کارپوریٹرس پریشان ہیں۔ وہ فارس قادری اور عوام کا سامنا کرنے کی یا تو ہمت نہیں رکھتے یا پھر اپنے آپ کو اپنے مکانات میں بند کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اس طرح کا واقعہ آج ناگپور شہر میں پیش آیا۔ گزشتہ کئی برسوں سے پینے کے پانی کے مسئلہ سے پریشان عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ فارس قادری نے ایسے علاقوں کی عوام کی آواز کو بلند کیا ہے جن علاقوں سے بی جے پی کارپوریٹرس منتخب ہوئے ہیں۔ فارس قادری آج سنگم نگر علاقہ میں پہنچے اور پینے کے پانی کو بوتل میں لیکر عوامی منتخبہ نمائندوں کے مکانات پر دستک دی۔ شدید آلودہ پانی کو پینے پر مجبور ناگپور شہر کی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور نہ ہی انسانی صحت سے جڑے اس اہم ترین مسئلہ کی یکسوئی کے کوئی اقدامات کئے گئے۔ فارس قادری کی آمد کے ساتھ ہی ابراہیم خان نامی کارپوریٹر نے اپنے آپ کو مکان میں بند کرلیا جبکہ ان کا دفتر کھلا ہوا تھا۔ مقامی عوام فارس قادری کے ہمراہ کارپوریٹر ( نگر سیوک ) کے مکان پر دستک دیتے رہے اپنی داد فریاد سناتے رہے لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔ فارس قادری نے کارپوریٹرس سے درخواست کی کہ وہ اس پانی کو استعمال کریں۔ ساڑھے چار سال کی کارکردگی میں آلودہ پانی کے مسئلہ کو حل نہ کرنے والوں کو عوامی مشکلات کا اندازہ ہونا چاہیئے اور جلد از جلد عوامی تکالیف کو دور کرنا چاہیئے۔ مقامی عوام اور فارس قادری کی جانب سے عوامی نمائندوں کو مہلت دے گئی کہ وہ جلد از جلد اس مسئلہ کی یکسوئی کریں بصورت دیگر عوامی برہمی کا سامنا کرنے تیار رہیں۔