خامیوں کو دور کرنے کا مطالبہ : اوپیندر کشواہا
پٹنہ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے سربراہ و سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا نے الزام عائد کیاکہ بہار میں 1,311 فارماسسٹ کی بھرتی کے لئے اشتہار جاری کیا گیا تاہم اس میں پسماندہ طبقہ کے زمرہ (بی سی) کے لئے ایک بھی جائیداد نہیں ہے۔ انھوں نے استفسار کیاکہ اشتہار میں بی سی زمرہ کے لئے ایک بھی عہدہ نہ ہونے کی وجہ کیا ہے؟ اس کی وضاحت کی جائے۔ کشواہا نے اشتہار کی اشاعت پر حیرت اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس میں کسی بے قاعدگی کو دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اشتہار میں کوٹہ کے مطابق غیر محفوظ، ایس سی، ایس ٹی، ایم بی سی اور ای ڈبلیو ایس کو عہدے دیئے گئے ہیں لیکن بی سی زمرہ میں ایک بھی نشست کو نہیں دکھایا گیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کشواہا نے کہاکہ بے قاعدگیوں کو فوری درست کیا جانا چاہئے۔ بھرتیوں میں بی سی کو خارج کرنا سماجی انصاف کے خلاف ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ بہار کے وزیر صحت منگل پانڈے سے اس سلسلہ میں اتوار کو انھوں نے بات چیت کی ہے۔ وزیر صحت نے تیقن دیا کہ وہ انکوائری کے بعد تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ کشواہا نے چیف منسٹر نتیش کمار سے بھی کہاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دیگر محکموں میں ایسا نہ ہو۔