فارما سٹی اراضیات پر کانگریس قائدین گدھ کی طرح منڈلا رہے ہیں

   

وعدے کے مطابق پراجکٹ کو منسوخ کرنے اور اراضیات کسانوں کو واپس کرنے کے ٹی آر کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے انتخابی وعدے کے مطابق فارما سٹی پراجکٹ کو منسوخ کرنے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا اور کہا کہ جس طرح مردار پر گدھ منڈلاتے ہیں اس طرح کانگریس کے قائدین فارما سٹی پراجکٹ کی اراضیات کے اطراف منڈلانے کا الزام عائد کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کسانوں کے علاوہ سماج کے تمام طبقات کو بھروسہ دے کر دھوکہ دیا ہے جس کی بی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور وعدوں کو پورا کرنے کا حکومت سے مطالبہ کرتی ہے ۔ اسمبلی انتخابات کے دوران ریونت ریڈی کے علاوہ دوسرے کانگریس کے قائدین نے فارما سٹی پراجکٹ کو منسوخ کرنے اور اراضیات دوبارہ کسانوں کے حوالے کردینے کا وعدہ کیا تھا مگر کانگریس کے دیڑھ سالہ دور حکومت میں فارما سٹی پراجکٹ کو نہ منسوخ کیا گیا اور نا ہی اراضیات کسانوں کو واپس کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کانگریس کے دوسرے قائدین کے ساتھ مل کر فارما سٹی پراجکٹ کی اراضیات پر قبضہ جمانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ فارما سٹی پراجکٹ کے لیے اراضیات دینے والے کسانوں کو نقصانات کی پابجائی کے لیے مکانات تعمیر کرنے کے لیے جو اراضیات مختص کی گئی تھیں ان اراضیات کو غیر قانونی طریقے سے کانگریس قائدین اپنے نام رجسٹریشن کروا رہے ہیں ۔ کانگریس کے قائدین کسانوں کو ڈرا دھمکاتے ہوئے مختلف طریقوں سے دباؤ ڈالتے ہوئے ان اراضیات کو ان کے نام رجسٹریشن کرنے کے لیے مجبور کررہے ہیں ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست کی ترقی کے لیے اراضیات دینے والے کسانوں کو بھی لوٹ لیا جارہا ہے ۔ کانگریس قائدین کا یہ رویہ مضحکہ خیز ہے جس کی بی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔۔ 2