حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ہائی کورٹ کو اطلاع دی ہے کہ فارما سٹی کے قیام کی تجویز سے دستبرداری اختیار نہیں کی گئی اور فارما سٹی کے ضلع رنگاریڈی کے یاچارم منڈل میں قیام کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ محکمہ مال کے پرنسپل سکریٹری نوین متل نے ہائی کورٹ میں حلفنامہ داخل کرتے ہوئے بتایا کہ جی او 31 مورخہ 10 جون 2016 فارما سٹی کے قیام کیلئے جاری کیا گیا تھا۔ محکمہ انڈسٹریز کی جانب سے جاری کردہ یہ جی او ابھی بھی برقرار ہے اور حکومت نے جی او سے دستبرداری اختیار نہیں کی۔ جی او کے مطابق یاچارم کے میڈی پلی میں فارما سٹی قائم کی جائے گی۔ عدالت کو بتایا کہ جی او کے مطابق حکومت نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ فارماسٹی کے قیام سے جن اراضی مالکین متاثر ہورہے ہیں انہوں نے اپنی اراضیات کے تحفظ کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی ہے۔ درخواست گذاروں نے سابق بی آر ایس حکومت کی جانب سے اراضی کے حصول کے طریقہ کار کی مخالفت کی گئی۔ ہائی کورٹ نے حکومت سے سوال کیا تھا کہ وہ 7 ستمبر تک اپنے موقف کی وضاحت کرے کہ آیا حکومت فارما سٹی کے قیام پر قائم ہے یا پھر اس منصوبہ کو ختم کردیا گیا۔1