فارما کمپنی میںدھماکہ کے بعد آگ ‘ 8 زخمی

,

   

حیدرآباد۔ شہر کے مضافاتی علاقہ آئی ڈی اے بلارم میں واقع ایک فارما کمپنی ودیا آرگانکس میں آج ایک دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں وہاں مہیب آگ لگ گئی ۔ دھماکہ کی شدت کی وجہ سے مقامی عوام میں خوف پیدا ہوگیا تھا اور وہ ادھر ادھر بھاگ رہے تھے ۔ حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کے نتیجہ میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے ہیں جو فیکٹری کے ملازم ہیں ۔ ان میں پانچ کی حالت نازک اور تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ چونکہ کئی ورکرس دھماکہ کے وقت کام کاج میں مصروف تھے اس لئے کئی دھماکہ کے بعد لگنے والی آگ کی زد میں آگئے اور وہ بھی جھلس گئے ۔ سارے ضلع سنگاریڈی اور شہر حیدرآباد سے آگ بجھانے کیلئے فائر انجنوں کو طلب کلیا گیا تھا اور انہیں بھی آگ پر قابو اپنے کیلئے کئی گھنٹے جدوجہد کرنی پڑی ۔ پولیس نے بتایا کہ آگ میں جھلس جانے والے ملازمین کو فوری دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں پانچ ورکرس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس اچانک دھماکہ کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے تاہم پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ دھماکہ کی وجوہات کے تعلق سے فیکٹری حکام سے بھی کوئی رابطہ نہیں کیا جاسکا ہے ۔