فارما کمپنی کے حادثہ میں 12 افراد کی ہلاکت پر ہریش راؤ کی تشویش

   

مہلوکین فی کس ایک کروڑ روپئے اور زخمیوں کو فی کس 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے ضلع سنگاریڈی کے پاشا میلارم صنعتی علاقہ میں پیش آئے آتشزدگی حادثہ میں 12 مزدوروں کے ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کے دوران تین حادثات پیش آنے کے باوجود حکومت نے کوئی احتیاطی اقدامات نہیں کئے ۔ ہریش راؤ نے آج اسمبلی حلقہ سنگاریڈی کے بی آر ایس رکن اسمبلی چنتا پربھاکر کے علاوہ مقامی بی آر ایس قائدین کے ساتھ مقام حادثہ پہونچے ۔ راحت کاری کے اقدامات کے معاملے میں ضلع کلکٹر ، ایس پی اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں سے تبادلہ خیال کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ کے پانچ گھنٹوں کے باوجود راحت کاری کے اقدامات کرنے اور متاثرین کے ارکان خاندان کو تفصیلات پیش کرنے میں حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ آتشزدگی کے واقعہ میں 8 افراد ہلاک ہوگئے اور 26 افراد شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ مقامی افراد سے پتہ چلا ہے کہ جس وقت حادثہ پیش آیا ہے اس وقت کمپنی میں 140 افراد کام پر تھے ۔ متاثرین کے افراد خاندان پریشان ہیں ۔ حکومت کے ذمہ داروں کی جانب سے انہیں کوئی اطلاعات فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔ دوسری ریاستوں کے عوام اس کمپنی میں کام کررہے ہیں ۔ کتنے لوگ کمپنی میں پھنسے ہوئے ہیں کتنے لوگوں کو باہر نکالا گیا ہے ۔ اس کی کوئی اطلاع نہیں دی جارہی ہے ۔ ڈیوٹی پر کتنے لوگ موجود ہیں اس کی تعداد بتانے کے معاملے میں کلکٹر اور ایس پی کی رائے میں تضاد پایا جاتا ہے ۔ زخمیوں کو اے آئی جی اور اپولو ہاسپٹلس میں معیاری علاج کرانے کی اپیل کی ۔ ہریش راو نے مہلوکین کو فی کس ایک کروڑ روپئے اور زخمیوں کو فی کس 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیا فراہم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔۔ 2