فارمولا کار ای ریس اسکینڈل اے سی بی کی حتمی رپورٹ سے سیاسی حلقوں میں ہلچل

   

44 کروڑ کے الیکٹورل بانڈز بی آر ایس کو دیئے گئے، گورنر سے چھپائے گئے معاہدے، کئی چونکا دینے والے انکشافات
حیدرآباد ۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) فارمولا ای کار ریس معاملے میں انسداد رشوت بیورو نے 9 ستمبر کو حکومت کو اپنی حتمی رپورٹ پیش کردی جس میں کئی سنسنی خیز انکشافات کئے گئے ہیں۔ یہ مقدمہ 19 ڈسمبر 2024ء کو درج کیا گیا تھا جس میں سابق وزیر کے ٹی آر کو ملزم A1 آئی اے ایس آفیسر اروند کمار کو A2 بی ایل این ریڈی کو A3 جبکہ فارمولا ای آرگنائزیشن کے دو نمائندوں A4 اور A5 بنایا گیا تھا۔ اے سی بی رپورٹ کے مطابق شہر میں فارمولا ای ریس کا انعقاد حکومت کی باقاعدہ منظوری کے بغیر کیا گیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ فیصلہ اس وقت کے وزیر کے ٹی آر نے نجی مشاورتی اجلاسوں میں کیا تھا جن کا کوئی سرکاری ریکارڈ نہیں ہے۔ رپورٹ میں پتہ چلا کہ بی آر ایس کو 44 کروڑ کے الیکٹورل بانڈز ملے تھے جو سہ فریقی معاہدے پر دستخط سے پہلے ادا کئے گئے۔ اس مالی رابطے نے ریس کے انعقاد پر کئی نئے سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بی آر ایس کو 44 کروڑ کے الیکٹورل بانڈز اپریل اور اکٹوبر 2022ء میں ادا کئے گئے تھے۔ اے سی بی نے کہاکہ NXT General نے بی آر ایس کو انتخابی بانڈز دینے ’پروموٹر‘ کا غیرمعمولی مواقع فراہم کیا گیا۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہیکہ ریس سے متعلق معاہدوں میں دستور کے دفعہ 166(1) اور 299 کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔ گورنر کی دستخط سے کارروائی کی بجائے آئی اے ایس آفیسر اروند کمار نے معاہدوں کو منظوری دی۔ دونوں معاہدے گورنر کے علم میں بھی نہیں لائے گئے اس کے علاوہ محکمہ بلدی نظم و نسق سے فارمولا ای کار ریس کے انعقاد یا اخراجات کیلئے کوئی اجازت نہیں لی گئی تھی۔محکمہ فینانس کو فنڈز کے استعمال کی کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی ۔اے سی بی کا کہنا ہے اس عمل میں اس وقت کے چیف منسٹر، وزیرفینانس اور چیف سکریٹری کو بھی باضابطہ اطلاع نہیں تھی۔ انتخابی ضوابط اخلاق کے دوران 10 کروڑ سے زائد کی رقم خرچ کرنے محکمہ فینانس کی پیشگی منظوری لازمی ہوتی ہے۔ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق 9 اکٹوبر 2023 سے 4 ڈسمبر 2023 تک نافذ تھا مگر اس کو نظرانداز کیا گیا۔ حتمی رپورٹ کے منظرعام پر آنے پر سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے جبکہ حکومت اب اس کیس میں آئندہ کے قانونی اقدامات پر غور کررہی ہے۔2