فارمولہ ای ریسنگ مقدمہ ، کے سی آر سے کے ٹی آر کی جذباتی ملاقات

   

ہمت اور حوصلہ سے مقدمات کا سامنا کرنے والد کا فرزند کو مشورہ، مقدمات سے عوامی ہمدردی حاصل ہوگی
حیدرآباد ۔10۔جنوری (سیاست نیوز) فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں اے سی بی تحقیقات کا سامنا کرنے کے بعد بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے آج گجویل کے ایراولی فارم ہاؤز پہنچ کر پارٹی سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورو اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے مقدمات درج کئے جانے کے بعد پہلی مرتبہ کے ٹی آر نے اپنے والد اور پارٹی سربراہ سے ملاقات کی اور تحقیقات کے بارے میں واقف کرایا۔ سابق وزیر ہریش راؤ ، رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی اور سابق رکن اسمبلی بی سمن اس موقع پر موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ مقدمات کا سامنا کرنے والے فرزند کی والد سے ملاقات جذباتی رہی اور کے سی آر نے اپنے فرزند کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے دلیری کے ساتھ مقدمات کا سامنا کرنے کا مشورہ دیا۔ ذرائع کے مطابق تقریباً دیڑھ گھنٹے تک ملاقات جاری رہی جس میں مقدمات کے علاوہ ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔ کے ٹی آر نے اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے کل تقریباً 7 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اینٹی کرپشن بیورو کے سوالات اور سابق پرنسپل سکریٹری اروند کمار کی جانب سے ریکارڈ کردہ بیان کا جائزہ لیا گیا۔ کے ٹی آر نے 16 جنوری کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے روبرو حاضری سے کے سی آر کو واقف کرایا اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے سوالات سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق کے سی آر نے بھروسہ دلایا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے درج کردہ مقدمات میں بدعنوانیوں کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور سیاسی انتقامی کارروائی کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ جرات اور حوصلہ کے ساتھ موجودہ صورتحال کا مقابلہ کیا جائے گا تاکہ قائدین اور کیڈر کے حوصلے پست نہ ہونے پائیں۔ اطلاعات کے مطابق سابق چیف منسٹر نے واضح کردیا کہ وہ مقدمات کے بارے میں کسی ردعمل کا اظہار نہیں کریں گے کیونکہ شراب اسکام میں دختر کویتا کی گر فتاری کے بعد بھی انہوں نے کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا ۔ کے سی آر نے کہا کہ کویتا کی طرح کے ٹی آر کو بھی مکمل اعتماد کے ساتھ تحقیقات کا سامنا کرنا چاہئے ۔ کے سی آر کا کہنا تھا کہ مقدمات کی صورت میں بی آر ایس کے حق میں ہمدردی میں اضافہ ہوگا۔1