فارمولہ ای ریس کیس محض سیاسی ڈرامہ : کے ٹی آر

   

بے قاعدگی نہیں ہوئی، بی آر ایس کے پرائیویٹ بل سے توجہ ہٹانے کی سازش
حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے فارمولہ ای ریس کے معاملے میں کانگریس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’’سیاسی ڈرامہ‘‘ قرار دیا۔ اسمبلی احاطہ میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کو اقتدار میں آئے دو سال سے زائد عرصہ ہوچکا ہے۔ تمام سرکاری دستاویزات اور مشنری اس کے پاس ہیں لیکن اب تک وہ اس معاملے میں صرف مقدمہ درج کرنے تک محدود رہی ہے۔ کے ٹی آر نے دعویٰ کیا کہ اے سی بی کی چارج شیٹ دراصل کانگریس حکومت کی مایوسی کو ظاہر کرتی ہے اور بی آر ایس کے دور حکومت کی شفافیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چارج شیٹ میں کہیں بھی کسی اصول اور قواعد کی خلاف ورزی ثابت نہیں ہوئی بلکہ یہ بی آر ایس حکومت کی بے عیب کارکردگی کا سرٹیفکیٹ ہے۔ کے ٹی آر نے حیدرآباد کو عالمی سطح پر آگے بڑھانے کیلئے فارمولہ ای ریس کے تحت 49 کروڑ کی بینک ٹو بینک رقمی منتقلی کو گھوٹالہ قرار دینے پر تعجب کا اظہار کیا۔ بدعنوان کانگریس کے قائدین حکومت کی ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے سابق بی آر ایس حکومت اور بی آر ایس قائدین کے خلاف جھوٹے الزامات اور مقدمات درج کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے یہ بھی الزام لگایا کہ حکومت جان بوجھ کر اس کیس کو اچھال رہی ہے تاکہ بی آر ایس کی جانب سے پیش کئے گئے پرائیویٹ بل جس میں چھ ضمانتوں کو قانونی شکل دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے اس سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے۔ 2