ریونت ریڈی کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کاامکان
حیدرآباد۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے شہر کے مضافاتی علاقہ میں فارم ہاوز کے مقدمہ میں سپریم کورٹ میں کیویٹ پٹیشن دائر کی ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے آبگیر علاقہ میں فارم ہاوز کی تعمیر کے خلاف نیشنل گرین ٹریبونل میں مقدمہ دائر کیا۔ ہائی کورٹ کی جانب سے گرین ٹریبونل کی کارروائی پر حکم التواء جاری کیا گیا۔ حکم التواء سے متعلق ہائی کورٹ سے احکامات کی کاپی ملنے سے قبل ہی کے ٹی آر نے سپریم کورٹ میں کیویٹ پٹیشن دائر کردی۔ انہیں اندیشہ ہے کہ ریونت ریڈی ہائی کورٹ کے حکم التواء کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوں گے۔ نیشنل گرین ٹریبونل نے گذشتہ ماہ کے ٹی آر اور تلنگانہ حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملہ کی جانچ کیلئے عہدیداروں کی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ درخواست گذار کا ماننا ہے کہ گرین ٹریبونل کی کارروائی پر حکم التواء کیلئے ہائی کورٹ کو اختیار نہیں لہذا وہ اس معاملہ کو سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کورٹ کے احکامات کی کاپی 17جولائی کو جاری کی گئی لیکن اس سے قبل ہی کے ٹی آر کی جانب سے کیویٹ پٹیشن سپریم کورٹ میں دائر کی گئی۔اس پٹیشن کا مقصد فارم ہاوز کے معاملہ میں سپریم کورٹ کو یکطرفہ فیصلہ سے روکنا ہے۔