فارم ہاؤز میں بیٹھ کر تنقید کرنے کے بجائے ہمت ہو تو اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں

   

کے سی آر کو ریونت ریڈی کا چیلنج، حکومت کی ستائش کرنے کا حوصلہ نہیں، کے سی آر کا عوام سے رابطہ ٹوٹ گیا
حیدرآباد ۔31۔جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کو فارم ہاؤز میں بیٹھ کر حکومت پر تنقیدوں کے بجائے اسمبلی پہنچ کر اظہار خیال کرنے کا مشورہ دیا۔ کے سی آر کی جانب سے حکومت پر تنقید پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ فارم ہاؤز میں بیٹھ کر باتیں کرنے کے بجائے اسمبلی آئیں تو حکومت ترقیاتی اور فلاحی کاموں کے اعداد و شمار پیش کرے گی۔ چیف منسٹر آج رنگا ریڈی ضلع کے فاروق نگر منڈل میں موگلی گدا گاؤں میں گورنمنٹ ضلع پریشد ہائی اسکول کی 150 سالہ یوم تاسیس سے خطاب کر رہے تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے کے سی آر نے رعیتو بندھو اسکیم کا آغاز کیا تھا لیکن اسکیم سے کسانوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت امدادی رقم کسانوں کے کھاتوں میں جمع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے ڈسمبر 2023 تک کے سی آر حکومت نے قرض معافی اسکیم کے تحت محض 18 ہزار کروڑ جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ 18 ہزار کروڑ میں محض تین ہزار کروڑ ہی کسانوں کے قرض معاف ہوئے جبکہ کانگریس حکومت نے ایک سال میں 21000 کروڑ کے قرض معاف کئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ فارم ہاؤز میں بیٹھ کر کے سی آر حکومت پر قرض معافی نہ کرنے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ فارم ہاؤز میں بیٹھنے کے بجائے اسمبلی آئیں اور اعداد و شمار پیش کریں۔ انہوں نے کے سی آر کو چیلنج کیا کہ اگر کسانوں سے ہمدردی ہو تو اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ صرف وعدے کرتے ہوئے الیکشن کے بعد فراموش کردینا کانگریس کی تاریخ نہیں ہے۔ کانگریس ہمیشہ وعدوں کی تکمیل میں بھروسہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر نے سوال کیا کہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراں اور ویملواڑہ کی مندر کی ترقی کیلئے فنڈس کا اعلان کیوں مکمل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے درگاہ اور مندر کی ترقی کیلئے فنڈس کی اجرائی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ محبوب نگر ضلع سے کئے گئے وعدوں کی کے سی آر نے تکمیل نہیں کی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 31 مارچ تک رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت 10 ہزار کروڑ کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کئے جائیں گے ۔ بے زمین زرعی مزدوروں کو سالانہ 12000 روپئے اندراماں آتمیہ بھروسہ اسکیم کے تحت دیئے جائیں گے ۔ حکومت نے ایک سال میں 55142 سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر اپنی قیادت پر بھروسہ ہو تو کے سی آر اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں۔ دس سال تک چیف منسٹر رہنے والے کے سی آر آج بھی ٹوئیٹر پر لائیکس کا حوالہ دیتے ہوئے خودستائی میں مصروف ہیں جو ان کی شخصیت کو ظاہر کرتا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے فرزند اور بھانجے کو صحیح راستہ پر گامزن کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی سی تحفظات اور ایس سی زمرہ بندی کے مسئلہ پر فروری کے پہلے ہفتہ میں اسمبلی اجلاس طلب کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ فارم ہاؤز میں رہنے سے کے سی آر کا عوام سے رابطہ ٹوٹ چکا ہے اور کے سی آر کا دور جاری کرنسی نوٹ کی طرح ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر حکومت کے اقدامات کی ستائش کرنے کی ہمت نہ ہوں تو پھر فارم ہاؤز میں آرام کریں۔چیف منسٹر نے موگلی گدا گاؤں کے ضلع پریشد اسکول کو ہر ممکن ترقی دینے کا بھروسہ دلایااور کہا کہ حیدرآباد اسٹیٹ کے پہلے چیف منسٹر بورگل رام کرشنا راؤ اسی اسکول کے طالب علم تھے۔1