حیدرآباد۔ 15 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے فارم ہاوز میں واستو کے مطابق تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ 10 سال تک تلنگانہ کے چیف منسٹر رہنے والے کے سی آر واستو پر غیر معمولی یقین رکھتے ہیں اور انہوں نے سکریٹریٹ کی عمارت کی تعمیر سے لے کر فارم ہاوز کی تعمیر واستو کے مطابق انجام دی تھی۔ کسی بھی پراجکٹ کے آغاز کے لئے کے سی آر واستو ماہرین کی رائے حاصل کرتے رہے ہیں۔ اقتدار سے محرومی کے بعد 7 ڈسمبر 2024 کو ایراویلی میں واقع فارم ہاوز کے باتھ روم میں گرنے سے کے سی آر کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔ یشودا ہاسپٹل سوماجی گوڑہ میں آپریشن کے بعد 8 ماہ تک انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا تھا۔ جاریہ ماہ کی 10 تاریخ کو ایراویلی فارم ہاوز میں جنگاؤں کے رکن اسمبلی راجیشور ریڈی گرکر زخمی ہوگئے۔ انہیں فریکچر آیا جس کا آپریشن یشودا ہاسپٹل میں کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ فارم ہاوز کے باتھ روم میں حادثات کو بدشگونی تصور کرتے ہوئے کے سی آر نے باتھ روم میں اہم تبدیلی کی ہدایت دی ہے۔ ٹائلس کی تبدیلی کے علاوہ باتھ روم کا انٹرنس بھی واستو کے مطابق تبدیل کیا جائے گا۔ کے سی آر ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹروانٹرولوجی میں طبی معائنوں کے بعد گزشتہ دو دن سے نندی نگر حیدرآباد میں واقع مکان میں قیام پذیر ہیں۔ فارم ہاوز کے باتھ روم میں تبدیلیوں کے بعد ہی وہ منتقل ہوں گے۔ 1