جوبلی ہلز ضمنی انتخاب پر تبادلہ خیال ، آج پارٹی انچارجس کا اہم اجلاس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے پس منظر میں بی آر ایس پارٹی کی سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں ۔ بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ایراولی فارم ہاوز پر پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کو طلب کرتے ہوئے جوبلی ہلز کی انتخابی حکمت عملی اور ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے ۔ جس میں پارٹی کے انتخابی جلسے ، جلوس ، ریالیاں ، روڈ شوز پر بات چیت ہوئی ہے ۔ کے سی آر 23 اکٹوبر کو جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے انچارجس سے ملاقات کررہے ہیں ۔ انہیں دی جانے والی ہدایتوں کے بارے میں بھی پارٹی سربراہ کے سی آر نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ فی الحال مقامی اداروں کے انتخابات منعقد ہونے کے آثار نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے اضلاع کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے اہم قائدین کو حیدرآباد طلب کرلیا جارہا ہے ۔ انہیں مختلف ڈیویژنس میں دی جانے والی انتخابی ذمہ داریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ کے سی آر نے کہا کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ بی آر ایس کی سیٹنگ نشست ہے ۔ اس پر قبضہ برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے ۔ حکومت نے عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا ہے ۔ حکومت کی ناکامیوں کو عوام تک پہونچانے کی ہدایت دی ۔۔ 2