سرینگر، 11 مارچ (ایجنسیز) جموں و کشمیر میں ایک شادی تقریب میں فاروق عبداللہ پر قاتلانہ حملہ کو ناکام بنا دیا گیا اور حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ تقریب میں برسراقتدار نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر پر ایک شخص بنام کمل سنگھ نے کافی قریب سے فائر کرنے کی کوشش کی لیکن اطراف موجود باڈی گارڈز اور دیگر اشخاص نے حملہ آور کو دبوچ لیا۔ چیف منسٹر عمر عبداللہ نے کہا کہ اللہ کا فضل ہوا کہ اُن کے 88 سالہ والد قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے ہیں۔ تقریب میں فاروق عبداللہ کے ہمراہ ڈپٹی چیف منسٹر سریندر چودھری اور مشیر برائے وزیر اعلیٰ ناصر سوگامی تھے۔ ناصر نے کہا کہ ڈاکٹر عبداللہ کو قتل کرنے کی کوشش ہوئی لیکن اللہ کا فضل ہے کہ اس واقعہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس قاتلانہ حملہ کے پس پردہ مقصد کا پتہ نہیں چلا۔ تاہم، بتایا جارہا ہے کہ حملہ آور نشہ میں تھا۔سابق چیف منسٹر کو زیڈ پلس این ایس جی سکیورٹی حاصل ہے۔ چنانچہ یہ سکیورٹی کی بڑی ناکامی ہوئی کہ حملہ آور ہتھیار لے کر سابق چیف منسٹر کے کافی قریب تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔