سرینگر۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانگریس کے صدر اور جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر فاروق عبداللہ نے سات ماہ کی نظربندی سے رہائی کے بعد سری نگر کی سب جیل پہنچ کر اپنے فرزند عمر عبداللہ سے ملاقات کی، جہاں وہ بھی اتنی ہی مدت سے نظربند ہیں۔ والد اور فرزند کی ملاقات کے دوران انتہائی جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ سخت ترین عوامی حفاظتی قانون کی گزشتہ روز منسوخی کے بعد جمعہ کو فاروق عبداللہ کی رہائی عمل میں آئی۔ فاروق عبداللہ اپنے گھر پر ہی نظربند رکھے گئے تھے اور رہائی کے بعد قریبی ہری نواس روانہ ہوئے جہاں ان کے فرزند و سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ زیرقید ہیں۔ سات کے دوران ان دونوں کی یہ پہلی ملاقات تھی۔ فاروق عبداللہ کے خلاف 15 ستمبر کو پی ایس اے استعمال کیا گیا تھا اور عمر عبداللہ پر چھ ماہ کی مدت کیلئے اواخر فروری میں یہ قانون استعمال کیا گیا تھا۔