ویلنگٹن ۔ 18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) صحتیابی کے بعد ٹیم میں واپسی کرچکے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے اپنے ارادے واضح کردیئے ہیں کہ جمعہ کو یہاں شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میں وہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو اصل نشانہ بنائیں گے۔ بولٹ جوکہ سیدھے ہاتھ میں تکلیف کے باعث 6 ہفتوں کیلئے کرکٹ سے دور تھے جیسا کہ باکسنگ ڈے ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف وہ اپنا ہاتھ زخمی کر بیٹھے تھے۔ اس زخم کی وجہ سے انہیں ہندوستان کے خلاف محدود اوور کی دو سیریز ٹوئنٹی 20 اور ونڈے میں ٹیم سے باہر رہنا پڑا لیکن اب پہلے ٹسٹ سے قبل ٹیم میں واپسی کرنے والے بولٹ نے اپنی توجہ مہمان کپتان ویراٹ کوہلی پر مرکوز کرلی ہے۔ پہلے ٹسٹ کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے بولٹ نے کہا کہ میں کرکٹ اس لئے کھیلتا ہوں تاکہ ویراٹ کوہلی جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آؤٹ کرسکوں اور میں اب اس موقع کا بے صبری سے انتظار کررہا ہوں۔ بولٹ نے دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز سے قبل ہندوستانی ٹیم کیلئے یہ انتباہ جاری کردیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم جس نے نیوزی لینڈ کے خلاف جب آخری سیریز کھیلی تھی تب وہ سیریز اس کیلئے ڈراؤنا خواب بن گئی تھی کیونکہ اسے ٹسٹ سیریز میں 0-3 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ موجودہ ہندوستانی ٹیم پر اظہارخیال کرتے ہوئے بولٹ نے کہا کہ ہندوستان ایک بہترین ٹیم ہے اور اس وقت وہ آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کی ٹیموں میں سرفہرست ہے۔ ہندوستانی ٹیم یہ اچھی طرح جانتی ہیکہ انہیں کس طرح کی کرکٹ کھیلنی ہے۔ پہلے ٹسٹ کیلئے تیار کردہ باسن ریزرو کی وکٹ فاسٹ بولروں کیلئے سازگار ہوتی ہے اور یہاں کے موسمی حالات بھی فاسٹ بولروں کیلئے سودمند ہے۔ ان حالات میں ہندوستانی ٹیم کیلئے بولٹ کا سامنا کرنا آسان نہیں ہوگا۔ وکٹ کی مناسبت سے بولٹ نے کہا کہ پانچ دنوں کیلئے بھی یہ وکٹ بہترین رہے گی اور میں یہاں کھیلتے ہوئے اپنے مظاہروں سے لطف اندوز ہوا ہوں۔ 30 سالہ بولٹ نے 65 ٹسٹ مقابلوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 256 وکٹیں حاصل کی ہیں۔